April 19th, 2024 (1445شوال10)

خواتین ترازو کے نشان پر مہر لگائیں ، دردانہ صدیقی

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے خواتین ماؤں بہنوں بچیوں سے اپیل کی ہے کہ کراچی ، حیدرآباد اور دیگر اضلاع کے بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں، تاکہ آپ کا آج بہتر ہو اور آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دیا جاسکے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر موقع پر ہر لمحے بلاتخصیص رنگ و نسل عوام اور شہریوں کی بے لوث خدمت کی ہے۔ ملک میں زلزلہ، سیلاب کی صورت میں قدرتی آفتوں کا سامنا ہو، بارش سے تباہی یا مہنگائی کا سونامی ہو ، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر آن میدان عمل میں مصروف رہتے ہیں۔ بالخصوص شہر قائد میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی اور الخدمت نے جو کام کیے، اس کی نظیر نہیں مل سکتی۔ حافظ نعیم نے حق دو کراچی کو مہم کے ذریعے نہ صرف شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے یکجا اور متحد کیا، بلکہ کے الیکٹرک جیسی مافیا کو لگام ڈالا، نادرا کے سخت ایس او پیز کو عوام کے حق میں نرم کرایا، بلڈر مافیاز سے عوام کو پیسے واپس دلائے اور لاتعداد ایسے مسائل حل کرائے جس میں عوام برسوں سے پھنسے ہوئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت شہر کراچی میں عوامی مسائل کے حل اور عوامی طاقت کے طور پر سب سے توانا آواز حافظ نعیم الرحمن کی ہی ہے۔ انہوں نے کارکنان کو تاکید کی کہ میدان میں عملی جدوجہد کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی کی کامیابی کے لیے انفرادی اور جتماعی دعاؤں کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔