December 8th, 2024 (1446جمادى الثانية7)

غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر نام نہاد مہذب دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے -ڈاکٹرحمیرا طارق

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل حمیراطارق اور ڈپٹی سیکریٹریز،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، ثمینہ سعید، ناظمہ ضلع لاہور عظمی عمران،نائب ناظمہ صوبہ نازیہ توحید نے لاہور پریس کلب میں غزہ مارچ لاہور پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ غزہ میں صہیونی درندوں کی جانب سے تاریخ کا بد ترین خونی کھیل کھیلا گیا -الشفا ہسپتال میں امریکہ کی تائید کے ساتھ ایک جھوٹے الزام کو بنیاد بنا کر سینکڑوں نومولود بچوں اور زخمیوں کو آکسیجن اور طبی امداد سے محروم کر کے موت کی وادی میں دھکیل دیا گیا ، غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم ہمیں راتوں کو سونے نہیں دیتے لیکن عالمی ضمیر گہری نیند سو رہے ہیں - ہزاروں معصوم بچوں کی چیخیں بھی ان کو مجرمانہ غفلت سے بیدار نہیں کر پائیں -

انہوں نے کہا کہ 19نومبر کو ہونے والا لاہور غزہ مارچ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امت مسلمہ کی بیداری کی علامت ثابت ہو گا۔ وہ دن دور نہیں جب بیت المقدس صیہونی تسلط سے آذاد ہو گا - انہوں نے کہا کہ غزہ مارچ کے اعلان کے ذریعے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری ، امت مسلمہ اور اقوام متحدہ نہتے فلسطینی شہریوں پر عرصہ دراز سے جاری ظلم و ستم بند کروائے،او آئی سی فلسطین کی اخلاقی و سفارتی مدد میں عملی کردار ادا کرے۔ حکومت پاکستان اپنے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے فلسطین کے عوام اور مجاہدین کی بھرپور اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعلان کرے،اہل اسلام صہیونی مصنوعات کے ذریعے اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ کریں