April 23rd, 2024 (1445شوال15)

حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ نے اپنےپر جوش کلام اور فلسفیانہ شاعری سے خواب غفلت میَں پڑی امت مسلمہ کو عظمت رفتہ کی بحالی کا درس دیا-دردانہ صدیقی

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل  دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری میں خودی کا جو درس ہے, وہی امت مسلمہ کی عظمت اور خودداری کا ضامن ہے، بلاشبہ یہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ کا فلسفہ خودی ہی ہے جس نے برصغیر کی نوجوان نسل میں ایک نئ روح پھونک دی -آج اگر ہم امت مسلمہ کی کھوئ ہوئ عظمت کو بحال دیکھنا چاہتے ہیں تو نوجوان نسل کو اقبال کے پیغام سے جوڑنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال پر جاری اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سیاسی لیڈر قائد و اقبال کا پاکستان بنانے کے دعویدار تو بنتے ہیں مگر ان کے منشور اور لائحہ عمل اقبال رحمۃ اللہ  کے فلسفہ خودی سے کوسوں دور دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ اگر ہم نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور آفاقی پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھا ہوتا تو آج ہم غیور اور خود دار قوم ہوتے - انہوں نے کہا کہ مغرب جس طرح سے مسلم اُمّہ کے خلاف سازشوں کا جال بچھا رہا ہے،اور اغیار جس طرح مسلمانوں پر حملہ آور ہیں , ان سے بچاؤ کا واحد راستہ یہی ہے اپنی نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفہ اسلام سے حقیقی معنوں میں روشناس کروایا جائے -انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اقبالیات  سے نوجوانوں کو جوڑنے  کے لئے نصابی کتب میں کلام اقبال کو مرحلہ وار شامل کرے , کلام اقبال کی تفہیم اور شعور کے لئے خصوصی ادارے قائم کئے جائیں تاکہ بچوں کے اذہان کی فکرِ اقبال سے آبیاری یقینی بنائی جاسکے۔