April 19th, 2024 (1445شوال10)

دریا پر رابطہ پل کی تعمیر کے دوران الخدمت فاونڈیشن تحصیل بحرین کے جنرل سیکرٹری مولانا ایاز خانخیل سمیت تین رضاکاروں کی شہادت پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین دردانہ صدیقی کا گہرے رنج و غم کا اظہار

خیبرپختونخوا میں سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقہ شنیل اریانٸ یوسی بالاکوٹ تحصیل بحرین میں دریا پر رابطہ پل کیی تعمیر کے دوران حفاظتی رسی ٹوٹنے کے نتیجے میں الخدمت فاونڈیشن تحصیل بحرین کے جنرل سیکرٹری مولانا ایاز خانخیل سمیت تین رضاکاروں کی شہادت کے دلسوز واقعے پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں نے مولانا ایاز خانخیل کی قیادت میں دن رات متاثرین کی خدمت کی جس کی تحسین اور پذیرائی دنیا بھر کے میڈیا اور اقوام متحدہ نے بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی دیکھنا سمجھنا اور احساس کرنا چاہیے کہ کون لوگ ہیں جو ان کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ان کا ہاتھ تھامتے ہیں اور اپنی جان کی بازی تک لگا دیتے ہیں۔ دردانہ صدیقی نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔