July 23rd, 2024 (1446محرم16)

حج اہل اسلام کی عالمگیر اخوت اور جذبہ تسلیم و رضا کا بہترین مظاہرہ ہے-ڈاکٹر حمیرا طارق

حج کے موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا پیغام
 

حج عظیم الشان مالی ، بدنی اور روحانی عبادت ہے- یہ سنت  حضرت ہاجرہ علیہ السلام اور سنت ابراہیمی علیہ السلام کی پیروی  ہے۔
فریضہ حج  ہمیں اللہ کی محبت عالمگیر اخوت ،بھائی چارے ایثار و قربانی اور جذبہ ایمانی کا درس دیتا ہے۔اس فریضہ کی اصل روح پورے عالم اسلام کی کل وقتی  اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے یوم عرفہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ  حج کے دوران لاکھوں عازمین حج حضرت ہاجرہ علیھا السلام کی سنت کی پیروی میں صفا و مروہ کی سعی کرتے ہیں- عورت کی عزت و تکریم کا مظہر قیامت تک کے لئے حج جیسی عظیم عبادت کا حصہ قرار پایا -بی بی حاجرہ علیہ السلام نے اطاعت خداوندی کی جو عظیم مثال قائم کی، وہ رہتی دنیا تک خواتین اسلام کے لیے روشن مثال ہے - 
 انہوں نے مذید کہا کہ دور حاضر میں فلسطین میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حقیقی وارثوں نے ایمان و یقین اور قربانی کی وہ تاریخ رقم کی جو قیامت تک اہل ایمان کے لیے مشعل راہ  ہے۔اپنی  دعاؤں میں اہل غزہ کو خصوصی طور پر یاد رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کے دکھوں کا مداوا فریضہ حج کے اصل مقصد لو پالینے میں ہے ۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کی اصل روح  یہی ہے کہ مسلمان اللہ کی رضا کے حصول کے لئے  ایک چٹان کی طرح متحد ہو جائیں ،حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خاطر تکالیف کو صبر و ہمت سے برداشت کریں اور حج کی حقیقی روح تقوی اور وحدت اسلامی  کے حصول کے لیے کوشاں رہیں