July 27th, 2024 (1446محرم20)

 حج ایک ایسی عبادت ہے جو اللہ سے بہت قریب کردیتی ہے، عائشہ سید

حلقہ خواتین جماعت اسلامی  پی پی 20 واہ کینٹ شعبہ تعلقات عامہ کے تحت  حجاج خواتین کے لئے  استقبالیہ تقریب کا اہتمام  کیا گیا ۔ مہمان خصوصی  سابقہ ممبر قومی اسمبلی،ڈائیریکٹر شعبہ تعلقات عامہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی عائشہ سید  نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے جو اللہ سے بہت قریب کردیتی ہے ,  اور خانہ کعبہ میں لبیک کہتے ہوئے اللہ کے در پر حاضری دیتے ہوئے دراصل اس احساس کا اظہار کرتے ہیں کہ کبریائی اور بزرگی اور ہمارا جینا مرنا صرف رب العالمین کے لئے ہے ۔انہوں نے یوم حجاب کے تناظر میں حجاب کی ضرورت واہمیت پر  روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بحیثیت مسلمان حجاب کی شرعی حیثیت اور حکمت سمجھنے کی ضرورت ہے حجاب حیا اور ایمان کی شاخوں میں سے ہے،  انہوں  نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیاسی ،سماجی اور معاشی نظام کی اصلاح کے لئے  سنت ابراہیمی پر چلتے ہوئے ظلم کے نظام کےخلاف جدو جہد کریں  اور تمام کرپٹ سیاست دانوں، وڈیروں اور جاگیر دارانہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے مل کر اسلامی نظام کے حق میں فیصلہ کریں۔
علاوہ اذیں نائب ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب رخسانہ غضنفر صاحبہ نے حج سے واپس آنے والی خواتین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج بہت قیمتی عبادت ہے اور اس عبادت کی حفاظت کرنا حجاج کرام کے لئے بہت ضروری ہے۔حج وہ عبادت ہے جسمیں جسمانی مالی عبادت عروج پر کی جاتی ہیں جسمانی مشقت اور ہمارے نفس کی تربیت ہے اس تربیت کو حج کے بعد بھی اپنی زندگیوں پر لاگو رکھنا ہے۔ قبل اذیں ڈاکٹر عائشہ مظہر نگران شعبہ تعلقات عامہ جے آئی وومن ونگ ٹیکسلا اور واہ کینٹ نے حج کی سعادت پانے والی خواتین کو خطبہ  استقبالیہ میں خوش آمدید کہا۔جماعت اسلامی خواتین ونگ ضلع راولپنڈی کی ناظمہ آنسہ اشفاق  نے حجاج خواتین کو مبارکباد پیش کی اور جماعت اسلامی کا تعارف پیش کیا آخر میں عمارہ صہیب نے  قرارداد پیش کی۔تقریب  میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین ڈاکٹرز،وکلاء،صحافی اور دیگرز نے خصوصی شرکت کی۔