July 27th, 2024 (1446محرم20)

ذوالحج مسلم حکمرانوں کوجہاد کا درس دیتاہے‘ ثمینہ احسان ناظمہ شمالی پنجاب

جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہا ہے کہ ذوالحجہ اسلام کی عظمت کو اجاگرکرنے کا مہینہ ہے، یہ حج کی عظیم عبادت اور دین اسلام کی تکمیل کا مہینہ ہے،اس ماہ میں امت مسلمہ کے حکمرانوں کو امت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا، اللہ تعالیٰ نے ذوالحجہ کے پہلے عشرے کی عظمت و فضیلت اور شان و شوکت عطا کی ہے،انھوں نے کہایہ چار حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے اور اس کے پہلے دس دنوں میں کی جانے والی عبادت باقی ایام کی نسبت اللہ کو زیادہ محبوب ہے،اس کے ایک دن کے روزے کا اجر ایک سال کے روزوں اور ایک رات کی عبادت کا اجر لیلۃ القدر کی عبادت کے برابر ہے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے فلسفہ حج اور قر بانی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ثمینہ احسان نے کہا اس مہینے کا ایک دن جسے” یوم عرفہ” کہتے ہیں اس میں اللہ تعالی لوگوں کو جہنم سے کثرت سے آزاد کرتے ہیں اور عید الاضحی کا عظیم تہوار بھی اسی مہینے میں منایا جاتا ہے،ماہ ذوالحجہ اسلام کی عظمت کو اجاگر کرنے اور مسلم حکمرانوں کو غیرت حمیت او رجہاد کا درس دیتاہے کہ وہ امت کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو پہچانیں اور جہاد فلسطین میں اپنا کردار ادا کریں،انھوں نے کہا جس طرح عالم کفر ”امت واحدہ” بنا ہوا ہے اس سے کہیں بڑھ کر امت مسلمہ ”امت واحدہ” بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت ان کی شکست نہیں دے سکتی۔