July 27th, 2024 (1446محرم20)

 استحکام پاکستان کے لئے تکمیل پاکستان ناگزیر ہے ،تکمیل پاکستان کی آخری منزل اپنی شہ رگ کشمیر کو دشمن کے پنجہ استبداد سے آزاد کروانا ہے ۔دردانہ صدیقی 

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965  یوم دفاع پاکستان ہماری ملکی تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے - اور اللہ رب العزت کا احسان ہے کہ اسلام کی خاطر بنائے گئے وطن عزیز پر حملہ آور ہونے والے کئ گنا بڑے دشمن کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا - اس عظیم الشان کامیابی پر معرکہ بدر کی یاد تازہ ہو گئ - یہ بات انہوں نے 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہی -
انہوں نے کہا کہ جب بھی وطن عزیز کے دفاع کو خطرات لاحق ہوئے ,  پاکستانی افواج  نے بھرپور ایمانی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو دندان شکن جواب دیا - دفاع وطن کے لئے ایسے ہی جذبے , ہمت اور ایثار کی ضرورت ہے -
 آج یوم دفاع پاکستان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قیام پاکستان کےمقاصد کی  تکمیل کا عہد کرنا ہو گا - اسلام کے نام پر حاصل کیے گئےوطن عزیز میں جب تک اسلامی نظام عملا نافذ نہیں ہو جاتا , تب تک مقاصد کی تکمیل کا خواب بھی ادھورا ہے - 
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لئے تکمیل پاکستان ناگزیر ہے، تکمیل پاکستان کی آخری منزل اپنی شہ رگ کشمیر کو دشمن کے پنجہ استبداد سے آزاد کروانا ہو گا - 
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں سیاسی اختلافات اور اندرونی و بیرونی سازشوں کا جال بچھا ہے- ان اندرونی اور بیرونی سازشوں سے وطن کے دفاع کے لئے آج پھر  1965 والے ایمانی جذبے اور حکمت عملی کی ضرورت ہے- دشمن کو اس چٹانی عزم کے ذریعے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے