October 4th, 2024 (1446ربيع الأول30)

ہر شعبہ زندگی میں اسوہ رسول ﷺ کی مکمل اتباع ایک صحت مند قومی زندگی کی تشکیل کے لیے لازم ہے- ڈاکٹر حمیرا طارق

حضرت  محمد  ﷺ نے سودی نظام معیشت کو اپنے پاؤں تلے روندا اور اسلامی نظام معیشت کا بہترین ماڈل پیش کیا- ڈاکٹر حمیرا طارق

 نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت باسعادت کا دن ہمیں نبی اکرم ﷺ کے ساتھ حقیقی محبت اور کامل اتباع کا درس دیتا ہے -آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارنا اور سنوارنا ہی ایمان کی تکمیل ہے- آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مطہرہ بلاشبہ اسوہ کامل ہے- آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انفرادی زندگی سے لے کر اجتماعی زندگی کے تمام دائرے میں بہترین ہدایات اور واضح رہنمائی عطا فرمائی ہے -آپ ﷺ نے صرف عبادات کا نظام ہی نہیں دیا بلکہ زندگی کے تمام شعبوں کے لیے اپنی سیرت  سے بہترین  نمونہ پیش کیا ہے- ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر  حمیرا طارق نے 12 ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کیا- انہوں نے کہا کہ عشرہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ایمانی جذبے سے منانے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم سیرت طیبہ ﷺ  کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور اپنی ذات میں موجود خامیوں کو جدا کر کے سنت نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی رہنمائی میں اپنی زندگی کو ازسر نو منظم کریں-