July 27th, 2024 (1446محرم20)

اللہ تعالی نے امت مسلمہ کو اس لیے فضیلت دی کہ وہ اللہ کے احکام پوری انسانیت تک پہنچاتی ہے-ڈاکٹر حمیرا طارق

اللہ تعالی نے امت محمدیہ ﷺ کو بطور خاص دنیا میں لائے تاکہ وہ دنیا کو نیکی کا حکم دیں اور برائ سے روکیں -یہی پیغام تمام انبیاء علیہ السلام کا مشن رہا لیکن انسانیت اس پیغام کو پھر سے بھلا بیٹھتی ہے -

انسانی تاریخ گواہ ہے کہ حق و باطل کا معرکہ ہمیشہ جاری رہا-

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے جامعۃ المحصنات لاہور کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کے دوران کیا -

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی امت کو خیر امت کہا گیا کیوں کہ ان کا کام لوگوں کو بھلائ کی طرف بلانا ہے- دعوت و تبلیغ اور تنظیم و تربیت یہ دونوں کام فطری ترتیب سے انجام پاتے ہیں- اور انہی عناصر سے ایک کامیاب شخصیت نمو پاتی ہے - جامعۃ المحصنات کے قیام کا مقصد ایسے افراد اور شخصیات کی تیاری ہے -

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اصلاح و تربیت اور عوامی تربیت پر اپنی تمام تر صلاحیتیں لگاتی ہے اور عوام میں مقبول ترین جماعت ہے لیکن اشرافیہ کے لیے قابل قبول نہیں ہے

کیوں کہ جماعت اسلامی نظام حکومت کے ہر شعبے میں قران و سنت کے احکامات کا نفاذ چاہتی ہے -

ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندوں کو ایوان سے باہر رکھنے کے لیے شرمناک ہتھکنڈے اختیار کیے گئے - جماعت اسلامی الیکشن 2024 کے دھاندلی زدہ نتائج کو کلی طور پر مسترد کرتی ہے -

جماعت اسلامی اصلاح و تربیت اور عوامی خدمت کی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی روابط بہتر سے بہتر بنائے گی۔