March 28th, 2024 (1445رمضان18)

شام میں حلب کا معرکہ

ڈاکٹر محمد اقبال خلیل
عرب جمہوریہ شام بلادعرب کا ایک خوب صورت ملک ہے۔ اس کے باسی سرخ وسفید خوب صورت لوگ ہیں۔ اس کی مٹھائیاں دنیا بھر میں مشہورہیں اور بہت پسند کی جاتی ہیں۔ ایک لاکھ پچاسی ہزارایک سواسی مربع کلومیٹررقبے کامالک یہ ملک ویسے تو 1920ء میں ایک بادشاہت کی صورت میں معرض وجود میں آیا تھا۔ لیکن بعد میں اس پر اس زمانے کی ایک بڑی سامراجی قوت فرانس نے قبضہ کر لیا تھا اور اس کو ان سے آزادی 1945ء میں 24 اکتوبر کو ملی لیکن اس وقت وہ ایک متحدہ عرب جمہوریہ کی صورت میں تھا جس سے 1965ء میں علیحدہ ہوا اور اپنی شناخت قائم کی۔ 1963ء میں دنیائے عرب میں سوشلسٹ نظریات رکھنے والی قوتیں برسرِ اقتدارہوئیں۔ حافظ الاسد کی عرب ممالک میں سب سے طویل حکمرانی کرنے والی شخصیت رہی جن کا تعلق علوی شیعہ گروہ سے تھا اس کے انتقال کے بعد اس کے غیر ملکی تعلیم یافتہ نوجوان بیٹے بشارالاسد نے عنان اقدار سنبھالا ۔
بشارالاسد نے اپنے دور اقتدار کے آغاز میں شامی قوم سے بہت سارے وعدے کیے اور جمہوری طرز حکومت اختیار کرنے کا عندیہ دیا۔ لیکن ایسا کچھ بھی نہ ہوا اور ظلم و جبراور فسطائیت کی بنیاد پر چلنے والی حکومت مزید زور پکڑتی گئی۔
سال 2011ء عرب دنیا میں ایک نئی عوامی بیداری اور آزادی کی تحریک کا سال تھا جس کو’’عرب بہار‘‘ Arab spring کا حسین نام دیا گیا جس نے تیونس ،لیبیا، مراکش، مصر اور پھر شام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس عرب بہار کا جو اچھا برا نتیجہ مختلف ممالک میں نکلنا تھا وہ سب کے سامنے ہے لیکن شام میں یہ ایک خوف ناک خانہ جنگی کی صورت میں اس وقت موجود ہے شام میں عرب نسل کے لوگ، جن کی اکثریت سنی عقیدہ کی حامل ہے۔ حکومت میں مؤثر نمائندگی سے محروم ہیں جس کی وجہ سے حکومت مسلسل دباؤ کا شکار ہے اور کئی مرتبہ مسلح بغاوتوں کا ظہور ہوتا رہا ہے۔ لیکن بعث پارٹی کی حکومت ان کو سختی سے دباتی رہی ہے لیکن 2012ء سے شام میں جس بڑے پیمانے پر بغاوت ہوئی اس نے بہت جلد پورے ملک کو بری طرح سے تقسیم کردیا۔ شام کے ایک چھوٹے سے قصبے میں بشارالاسد کے خلاف اسکول کے بچوں کی وال چاکنک سے شروع ہونے والی تحریک نے حکومت کے سخت خلاف اقدامات کی وجہ سے ایک ملک گیرتحریک کی صورت اختیار کرلی اور بہت جلد ایسا نظر آنے لگا کہ بشا رالاسد حکومت کا خاتمہ بہت قریب ہے۔
حکومتِ شام نے جب مخالف گروہوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تو اس کے خلاف عالمی سطح پر بھی سخت رد عمل سامنے آیا اور حکومت امریکا نے فوجی کاروائیوں کی دھمکی دے دی لیکن عملاََ ایسا نہ ہوا اور افغانستان اور عراق میں براہ راست مداخلت کے نتائج نے امریکی انتظامیہ میں خوف پیدا کیا ہے اس کی وجہ سے وہ کچھ بھی نہ کرسکی۔ البتہ امریکی دھمکیوں کا نتیجہ یہ نکلا کہ دوسری سپر پاور اور کمیونسٹ طاقت روس جو ولا دیمیر پیوٹن کی قیادت میں ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیا ر ہے۔ بشارالاسد حکومت کو بچانے کے لیے میدان میں کود پڑا اور افغانستان کے بعد شام میں اپنی زمینی اور فضائی افواج کو استعمال میں لے آیا۔ اس سے پہلے شامی حکومت کو ایران کی مکمل حمایت اور عسکری امداد حاصل تھی۔ اسی طرح لبنان کی مسلح شیعہ تنظیم زمانہ ’’حزب اللہ‘‘بھی پوری طرح سے بشارالاسد کی فوجوں کے شانہ بشانہ لڑرہی تھی ۔
دورسری طرف مخالف سنی گروہوں کو سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ 1980ء کی دہائی سے شام میں اپوزیشن کا کردارعرب دنیا کی سب سے بڑی اسلامی تحریک اخوان المسلمون ادا کرتی چلی آرہی تھی لیکن عالمی سطح پر ’’القاعدہ ‘‘جیسی بڑی مسلح تنظیم کے ظہور کے بعد شام میں بھی اس کے زیر اثر تنظیمیں قائم ہوتی گئیں اور جلد ہی انہوں نے شام کے مختلف علاقوں میں اپنے حلقے قائم کرلیے۔ جبھتہ النصرہ جو اب جبھتہ فتح الشام کے نام سے موجود ہے ،اس کی مثال ہے۔ امریکا کے جاسوسی ادارے سی آئی اے نے بھی مختلف شامی گروہوں کو یکجا کرکے FSA( فری سیرین آرمی ) بنا ڈالی اور اس کو کثرت سے مالی و مادی حمایت سے نوازا جس سے یکدم وہ ایک بڑے علاقے پر قابض ہوگئی لیکن آہستہ آہستہ امریکی دلچسپی میں کمی اور واضح پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے وہ کمزور ہوتی چلی گئی۔ سعودی عرب نے بھی بڑے پیمانے پر مختلف شامی گروہوں کی سرپرستی کی جو اس وقت 50مسلح گروپوں کے اتحاد’’جیش الاسلام ‘‘ کے نام سے میدان میں موجود ہے ۔
امریکی حکومت نے جس طرح عراق میں کردوں کی قوت کو بڑی خوبی سے استعمال کیا اسی طرح شام میں بھی ’’ کرد پیش مرکہ‘‘ شمال میں ایک مؤثر فوجی گروہ کی صورت میں موجود ہے جس کو اسلحہ اور تربیت امریکی حکومت نے دی ہے ۔
اس پورے عرصے میں جوسب سے بڑا عامل وجود میں آیا وہ ’’داعش ‘‘ISIL کا ہے جس نے پورے منظرنامے کو متاثر کیا ہے۔ ابوبکرالبغدادی کی قیادت میں عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد اس نے ایک خلافت کا اعلان کیا اور اپنی متوازی حکومت قائم کردی۔ داعش نے ان ایک بڑے علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وہاں پر موجود شامی حکومت کے نمائندوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مقامی مجاہد گروپوں کا بھی قلع قمع کردیا اور خاص طور پر اخوان المسلون کے قائدین کو ہدف بنایا۔
داعش نے اپنے آپ کو صرف شام اور عراق تک محدود نہ رکھا بلکہ باہر کی دنیا میں بھی امریکا اور یورپی ممالک میں حملے شروع کردیے اور اپنے ان اقدامات کے ذریعے اسامہ بن لادن کی تنظیم القاعدہ کوپیچھے چھوڑدیا۔ داعش نے اپنے زیرنگیں علاقوں میں ظلم و بربریت کی خوف ناک مثالیں بھی قائم کیں اور بڑے پیمانے پرقیدیوں اور مخالفین کو بے دردی سے قتل کر کے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کا مقصد غالباََ خوف و دہشت سے مخالفین کو مرعوب کرنا تھا ۔
شام کے محاذ پر داعش کے ظہور نے بشارالاسد کے خلا ف قائم محاذ میں ایک سنگین دراڑ پیدا کردی جس کا سب سے زیادہ فائدہ حکومت کو ہوا جہاں ایک طرف روس ’ایران‘ حزب اللہ وغیرہ بشارالاسد کی پشت پر یکسوئی سے موجود رہیں وہاں امریکا، فرانس،برطانیہ، جرمنی وغیرہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور ترکی جیسی بشار مخالف قوتیں اپنے واضح ہدف سے تقریباََ دست بردارہوگئیں اور انہوں نے داعش کو زیادہ بڑا مخالف تصور کرتے ہوئے اس کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔ یعنی اگر ایک طرف روسی فضائیہ بری طرح سے حلب اور دیگر شہروں میں اپوزیشن فوجوں پر بم باری کرتی رہی تو دوسری طرف امریکا اور اس کے حلیف طاقتیں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہیں اور بشار کی فوجوں کو کھلی چھٹی مل گئی کہ وہ اپنے پسندیدہ محاذوں پر فوجی کا رروائیاں کریں اور کھوئے ہوئے شہروں اور علاقوں میں کامیابیاں سمیٹیں۔
اسی پس منظر میں حلب میں شامی فوج کی کامیابی کوئی غیر معمولی عمل نہیں ہے۔ دارالحکومت دمشق سے بہت دور شمال میں ترکی کی سرحد کے قریب شام کا سب سے بڑا شہر حلب 2012ء کے بعد سے شامی حکومت کے قبضے سے نکل چکا تھا سنی اکثریتی آبادی کا یہ شہر ایک بڑا تجارتی اور کاروباری مرکز تھا۔ جو اب کھنڈرات کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کا دوبارہ شامی حکومت کے قبضے میں آنا بشارالاسد حکومت کے لیے فتح کا جشن منانے کا جواز بن گیا ہے اور انسانی آبادی کے انخلا سے عملاََ ایک شہر خموشاں اور قبرستان کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ شہر کی 80فیصد آبادی تو پہلے ہی یہاں سے نقل مکانی کرچکی تھی اب باقی ماندہ آبادی بھی اس کو چھوڑ کر چلی گئی اور شامی فوجی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کرنے کے لیے شہر کے گلی کوچوں میں کوئی موجود نہ تھا ۔
مسلسل محاصرے، بے پناہ بم باری اور ظلم وبربریت کے مظاہروں نے حلب میں انسانی تا ریخ کا ایک سیاہ ترین باب رقم کیا۔ روسی فضائی طاقت نے گزشتہ چند ماہ میں مسلسل بمباری کے ذریعے انسانی جانوں کا جس طرح سے اتلاف کیا اور عورتوں اور بچوں کو جس طرح مارا گیا وہ ایک عرصے تک انسانی ضمیر کو کچوکے دیتا رہے گا۔ اس بہیمانہ عمل میں تمام عالمی قوتوں نے شامی حکومت کا ساتھ دیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں جنرل سیکرٹری بان کی مون نے اپنے خطاب میں ایک عجیب بات کی جس کو پوری دنیا میں ہر باضمیر انسان نے نوٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج اس ایوان میں ان حکومتوں کے نمائندے بھی موجود ہیں جنہوں نے شامی تنازع میں شامی عوام کے خلاف ہر طرح سے ہونے والے مظالم کو نظر انداز کیا ہے یا ان مظالم میں حصہ لیا ہے، مدد دی ہے، فنڈز دیے ہیں اور ان کے منصوبے بنائے ہیں۔
شامی بحران نے پہلے ہی عالمی سطح پر ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دیا ہے ۔2کروڑ کی آبادی رکھنے والے خوب صورت ملک شام سے نصف آبادی سے زائد یعنی ایک کروڑ سے زیادہ آبادی اپنا گھربار چھوڑ نے پر مجبورہو کر پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں پناہ لینے پر مجبورہوئے ہیں۔ ترکی’لبنان‘سعودی عرب نے لاکھوں پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھایا ہے۔ گزشتہ سال ترکی کے ساحل پر جب ایک شامی بچے آلان کردی کی ننھی سی لاش ملی تو اس نے پورے دنیا کو جھنجھوڑ دیا تھا ۔ اور اس کے نتیجے میں یورپی یونین کے ممالک نے اپنی سرحدیں شامی مہاجرین کے لیے کھول دیں۔ جرمنی نے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دی اور ان کو تمام سہولتیں فراہم کیں۔ اسی طرح ترکی نے سب سے زیادہ 30لاکھ سے زاہد شامی مہاجرین کو پناہ فراہم کی اور مہمان نوازی کی اعلیٰ مثال قائم کی گزشتہ دنوں حلب شہر میں روسی بم باری سے تباہ ہونے والی بلڈنگ کے ملبے سے ایک پانچ سالہ بچہ زخمی حالت میں برآمد ہوا جس کی ایمبولینس میں سیٹ پر بیٹھ کر اپنے ماتھے سے خون پونچھتے ہوئے جو تصویرلی گئی اس نے پوری دنیا میں سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔ بی بی سی کی خاتون اینکر اس تصویر کو دکھاتے ہوئے رو پڑی اور پورے عالمی میڈیا نے اس بچے کی تصویرکا ماتم کیا لیکن انہی ممالک کی حکومتوں نے اپنی فضائی افواج کو بم باری کے کام پر لگائے رکھا۔
روسی فضائیہ گزشتہ سال ستمبر 2015ء سے مسلسل بم باری میں مصروف ہے اس سال ستمبر میں کچھ عرصے کے لیے جنیوا مذاکرات کی میز پر امریکا اور روس نے مل کر جنگ بندی کا اعلان کیا۔ لیکن چند ہی دنوں بعد شامی حکومت نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلب پر اپنے حملے نئے سرے سے شروع کردے۔
گزشتہ تین سال سے حلب شہر کے اکثر علاقوں میں پانی وبجلی بندرہی اور شہر مکمل محاصرے کی حالت میں رہا ۔وہاں موجود محاصرین جن میں عورتوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد تھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ ان کے اسپتال ارطبی مراکز بھی بم باری کا شکار بنے۔ اقوام متحدہ کے ادارے اور عالمی فلاحی تنظیموں کے کارکنان اور ان کی گاڑیاں بھی بارہا بم باری کی زد میں آئیں ۔ 19ستمبر کو اقوام متحدہ کا ایک قافلہ حملے کا شکار ہوکر تباہ ہوا جسے روسی اور شامی جہازوں کی کارروائی قرار دیا گیا لیکن انہوں نے تردید کردی اور ڈھٹائی سے اس کا الزام باغیوں پر لگادیا۔