March 19th, 2024 (1445رمضان9)

قرآن انسٹیٹیوٹ

قرآن انسٹی ٹیوٹ پاکستان(برائے خواتین)
خواتین کی دینی وعلمی تعلیم و تربیت نے جس طر ح اولین دور میں بہترین معاشرے کی تشکیل اور تعمیر و ترقی میں نمایاں کردارادا کیاموجودہ دورمیں بھی اس کی اہمیت و ضرورت مسلمہ ہے۔دنیاوی ودینی تعلیم سے آراستہ ہوکرہی اپنے گھر،معاشرے اورآئندہ آنے والی نسلوں کو سنوارا جاسکتاہے۔
دور حاضر میں خواتین کو وہ شعوروآگہی حاصل نہیں جو دور جدید کے تقاضوں کو پورا کر تے ہوئے انہیں دینی اقدار روایات کاپاسدار بناکروہ صحیح عملی رہنمائی فراہم کرے جو امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو۔ اس کمی کو دورکرنے کے لیے جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر میں قرآن انسٹی ٹیوٹسکی بنیاد رکھی یہ ادارے خواتین کو قرآن، حدیث، تجوید اور فقہی علوم سے آراستہ کررہے ہیں۔قرآن انسٹی ٹیوٹ کا مشن ہے کہ:
” امت مسلمہ کی خواتین کوقرآن وسنت کی باضابطہ تعلیم دے کر ایسی باعمل مومنات کی تیاری جن کے گھر اسلام اور نشاۃِثانیہ کے لیے تربیت گاہ ہوں اور جو اللہ کے نظام کوقائم کر نے میںعملی طور پر شریک ہوں“۔
اسی مشن کی تکمیل کے لیے قرآن انسٹی ٹیوٹ پاکستان بھر کے ۲۲ شہروں میں ۸۳ مقامات پر قرآن وسنت کی روشنی پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔
اغراض و مقاصد:
٭خواتین کوقرآن وسنت کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کرانے اوردینی علوم کی ترویج کے لیے مختلف کورسز کااجراء۔
٭قرآن وسنت کی روشنی میں مقصدِحیات کا تعین،عورت کو اس مقام و مرتبہ کی آگاہی اور اسلامی اوصاف سے مزین زندگی کا شعور دینا۔
٭نئے دور کی چیلنجز کے لئے مثبت فکری رہنمائی دینا۔
٭خواتین کو تصور اقامت دین کا شعور دیتے ہوئے عملی جدوجہد پر آمادہ کرنا۔
        قرآن انسٹی ٹیوٹ کی ایک اہم سرگرمی رمضان المبارک میں دورہئ تفسیر القرآن کا انعقاد ہے۔
ماہِ مبارک میں قرآن انسٹی ٹیوٹ میں تمام تعلیمی سر گرمیاں معطل کر کے صرف دورہئ تفسیر القرآن کروایا جاتا ہے جس سے معلمات، طالبات کے ساتھ ساتھ عام خواتین بھی بڑی تعداد میں استفادہ کرتی ہیں۔
قرآن انسٹی ٹیوٹ کی طالبات اورعوام الناس کومختلف مواقع پراورمختلف مضوعات پرقرآن و سنت کی رہنمائی دینے کے لئےتوسیعی لیکچرز کا انعقاد انسٹی ٹیوٹ کی روایت رہی ہے۔ان لیکچرز کے لئےمعروف خواتین مقررین کےعلاوہ مرد مقررین،علماء اورمعروف اسکالرز کو بھی مدعوکیا جاتا ہے۔
قرآن انسٹی ٹیوٹ بطور کمیونیٹی سینٹر
الحمداللہ 2015میں قرآن انسٹی ٹیوٹ کو کمیونیٹی سینٹر کے طور پر متعارف کرانے کے منصوبے پر کام کی ابتداء کی گئی۔اس مقصد کے لئے روز مرہ زندگی کے مختلف مسائل سے متعلق شعور آگاہی پیدا کرنے کے لئے صحتِ عامہ،ٹائم مینجمنٹ اور پری میرج گائیڈنس کے لئے صحتِ عامہ کے موضوعات پر ورک شاپس کروائی گئیں۔خواتین کو زندگی کے مسائل میں رہنمائی اور مشورے دینے کے لئے کاؤنسلنگ ڈیسک قائم کی گئیں جہاں دینی علم رکھنے والی خواتین بے حد ذمہ دارانہ رہنمائی ومشورے فراہم کرتی ہیں۔فقہی مسائل کے لئے مستند علماء اور مفتی حضرات سے بھی مدد لی جاتی ہے۔حسبِ ضرورت خواتین وکلاء کے ذریعے قانونی مشورے بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔ مالی و معاشی معاونت کی خدمات بھی کئی انسٹی ٹیوٹ میں جاری ہیں۔