April 24th, 2024 (1445شوال15)

عید کے آداب

 

عید کے دن حقیقی خوشیاں سمیٹنے کیلئے عید کے آداب کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے بچوں کو بھی آدب سکھائیں:

۱۔ رمضان میں اللہ کی طرف سے عبادت کی توفیق ملنے پر کثرت سے اللہ تعالیٰ کی حمد کرنا اور اسکا شکر بجا لانا۔

۲۔ عید کی رات دیر تک قیام کرنا اور ذکر الٰہی میں مصروف رہنا ۔

۳۔ اللہ تعالیٰ کی بڑائی بیان کرنا۔اسکی عظمت اور اپنی بندگی کا اظہار کرنا۔

۴۔ غسل کرنا، اچھے کپڑے پہننا ۔

۵۔ عیدالفطر کے دن عید گاہ جانے سے پہلے نبی اکرم کی پیروی کرتے ہوئے کھجور کھانا ۔" حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم عید الفطر کے دن عید گاہ جانے سے پہلے کھجوریں کھایا کرتے تھے".(ترمذی)

۶۔ عید گاہ سے گھرواپسی کے وقت اس راستے سے مختلف راستہ اختیار کرنا جو گھر سے عید گاہ کی طرف جاتے ہوئے اختیار کیا تھا۔

۷۔رشتہ داروں ،دوستوں اور تمام ملنے والوں کو مبارک باد دینا ۔

۸۔ روزوشب کے جلدی جلدی گزرنے سے عبرت و نصیحت حاصل کرنا، اور رجوع الی اللہ ، توبہ اورنیکی کے کاموں میں دوسروں سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنا۔

۹۔ صلہ رحمی ، عزیز و اقارب ، بغض و حسد سے اجتناب ، محتاجوں اور مسکینوں سے اظہار ہمدردی ، یتیموں اور غریبوں سے شفقت کا برتاؤ کرنا۔

۱۰۔ ناراض بھائیوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کرنا۔ جدائی ، نفرت اور دشمنی کے مقابلے میں الفت و محبت کا پرچار کرنا۔

۱۱۔ اپنے بیوی ،بچوں کے ساتھ نرمی کرنا، انھیں محبت دینا۔ اچھی اچھی باتوں اور تحفہ تحائف سے اہل خانہ کی عزت افزائی کرنا۔ گھر کے ہر فرد کو کچھ نہ کچھ رقم عیدی کے طور پر دینا۔

آخری بات یہ کہ رمضان کا رب سارے مہینوں کا رب ہے، اس لئے ہمیشہ اپنے رب کی اطاعت اور عبادت کرتے رہو ۔ یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہئے کہ عید عبادت اور اطاعت کی انتہا نہیں ہے۔رب کریم کا ارشاد ہے:

وعبد ربک حتی یا تیک الیقین۔(الحریر ۱۵ :۹۹) اور اس آخری گھڑی تک اپنے رب کی بندگی کرتے رہو جس کا آنا یقینی ہے۔

(ترجمہ:طارق محمود)