April 26th, 2024 (1445شوال18)

ملک اور عوام کی سیکورٹی کے لیے بارڈر پر فوج تعینات کرنا حکومت کی ذمے داری ہے,سینیٹرسراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ ملک اور عوام کی سیکورٹی کے لیے بارڈر پر فوج تعینات کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ۔کابل اور اسلام آباد دونوں کے لیے بہتر ہے کہ وہ آپس کی غلط فہمیوں اور ٹینشن کو ختم کریں ۔ اس چپقلش سے دونوں کو نقصان اور مخالفین کو فائدہ پہنچے گا۔ اپنے بارڈر کو محفوظ بنانا پاکستان کا حق ہے اور یہ ضروری بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ پراکسی وار نتیجہ خیز نہیں ہوسکتی ۔ پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ دونوں برادر اسلامی ملک امن کی طرف بڑھیں ، الزامات کی سیاست دوریاں پیدا کررہی ہے جس سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا ۔دونوں ممالک باہمی تعاون سے ہی مسائل حل کر سکتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت نے کہاکہ مجرم جہاں بھی ہو ، وہ مجرم ہوتاہے اوراس کے ساتھ مجرموں جیسا ہی سلوک ہوناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم نڈر اور بہادر قوم ہے جو گھبرانے والی نہیں البتہ حکمرانوں کی نااہلی سے عوام پریشان ہیں ۔حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جو اقدامات ضروری ہیں وہ فوری اٹھائیں اور اس کے لیے مزید کوئی انتظار نہ کریں ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کے سفر نامے’’ ہواؤں کے سنگ‘‘ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران دوسرے ممالک کے صرف دورے ہی نہ کریں بلکہ ان سے گڈ گورننس ، کرپشن فری طرز حکومت اور عوامی خدمت کے سبق بھی حاصل کریں تو ملک کو موجودہ سیاسی ، معاشی و معاشرتی بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے ۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، صاحب کتاب ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سجاد میر ، سہیل وڑائچ، ڈاکٹر حسین پراچہ، حفیظ اللہ نیازی، اختر عباس اور میاں محمد خالد نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ سفر نامہ شگفتہ بیان، پختہ نظریاتی اساس اور چین بنگلا دیش کینیڈا اور ایران کے حالات کے بہترین تجزیے کے لحاظ سے ایک شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک خوشحال ، کرپشن فری اور اسلامی پاکستان بنانے کا عزم ہی نہیں بلکہ صلاحیت بھی رکھتی ہے۔