February 20th, 2020 (1441جمادى الثانية25)

معصوم عوض نور کے مجرموں کو سرعام سزا دی جائے‘رخسانہ جبیں

ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی کی صدر ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا ہے کہ عوض نور جیسی معصوم بچی اس معاشرے کی ہوس کی بھینٹ چڑھ گئی اور ایک بار پھر ارباب اختیار تماشا دیکھتے رہ گئے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نوشہرہ کاکا صاحب میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کم عمر بچی عوض نور کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پے در پے پیش آنے والے واقعات ہمارے معاشرے کے لیے ناسور بنتے جارہے ہیں،
ان واقعات کی محض مذمت کرنے کے بجائے مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا غیر انسانی فعل کرنے بارے میں سوچ بھی نہ سکے۔بروقت عدل و انصاف نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ تیزی سے اخلاقی زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوض نور کے مجرموں کو سرعام قرار واقعی سزا دی جائے معاشرے میں بڑھتی ہوس کی وجوہات کا تدارک کیا جائے۔