September 23rd, 2020 (1442صفر6)

عطیہ نثار ودیگر کی عظیم بلوچ و دیگر شہدا کے لواحقین سے گھر جا کر تعزیت

جماعت اسلامی سندھ حلقہ خواتین کی ناظمہ عطیہ نثار نے کہا ہے کہ محمد عظیم بلوچ شہید جماعت اسلامی کا قیمتی سرمایہ تھے مرحوم کی ساری زندگی جہد مسلسل کی عملی تصویر تھی، المناک حادثے میں شہید ہونے والے عظیم بھائی کی دینی و تنظیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک حادثے میں شہید جماعت اسلامی سندھ کے رہنما محمد عظیم بلوچ کے گھر میٹرو ول میں ان کی اہلیہ اور دیگر لواحقین سے دوران تعزیت کیا۔ اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب موجود تھیں،صوبائی ناظمہ نے کہاکہ زندگی موت کی امانت ہے ہر نفس کو موت کا مزا چکھنا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ دریں اثنا ناظمہ صوبہ نے شہدادپور میں حادثے کے دیگر شہدا غلام رسول آرائیں اور عرفان احمد لاکھو کے گھر وں پر جاکر ان کی بیوہ اور بیٹی سے تعزیت کی اور مرحومین کے لیے بلند درجات کی دعا کی۔ان کے ہمراہ نائب ناظمات سندھ شگفتہ ابراہیم اور عظمیٰ اظہار و دیگر ذمے داران موجود تھیں۔