April 19th, 2024 (1445شوال11)

اسلام مثالی معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہے، دردانہ صدیقی

سیکریٹری جنرل پاکستان دردانہ صدیقی نے لطیف آباد نمبر 7میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اسلامی نظام کی برکات پر پروگرام میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مثالی معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہے۔جب لوگ امربالمعروف اورنہی عن المنکر کا فریضہ چھوڑ دینگے تو اقتدار کی باگیں اور معاشی دولت کی کنجیاں کم ظرف اور بد اخلاق لوگوں کے ہاتھوں میں چلی جائینگی اور معاشرہ کا ہر شہری سکوں قلب کی دولت سے محروم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر خوشحالی،امن و سکون چاہتے ہیں،اپنے حال اورمستقبل کی اصلاح چاہتے ہیں اور اسلام کی برکات سے مستفید ہو نا چاہتے ہیں تو اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان کے حصول کو اولین ترجیح بنانی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو کرخلوص نیت کے ساتھ سیاسی معاشی اور معاشرتی تبدیلی اور فلاح کے لیے نظام اسلامی کو اپنا نا ہو گا اور یہ جب ہی حاصل ہو گا جب مکمل قرآن سمجھ کرعملًا زندگی میں نافذ کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی ملک میں رائے عامہ کو تبدیل کرنے کے لئیے جمہوری طریقے سے اسلامی انقلاب کی جدو جہد کر رہی ہے تاکہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو مسائل کی جس دلدل میں پھنسا دیا ہے اس سے نکالا جاسکے ۔جماعت اسلامی کی امانت و دیانت اور جمہوریت پسندی کا اعتراف ورلڈ بینک ، پلڈاٹ اور سپریم کورٹ سمیت قومی و بین الاقوامی اداروں نے کیا ہے ۔عوام تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو 2018کے انتخابات میں کامیابب ہو کر پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا قائد اعظم کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ۔بعد ازاں معتمدہ سندھ عظمیٰ عمران نے استقبال رمضان المبارک کو مؤثر طریقے سے واضح کیا اور کہا کہ روزے اضافی کیلوریز جلانے کے لیے نہی بلکہ گناہوں، تکبر اور انا کو جلانے کے لیے اور ایمان کی آبیاری و تقویٰ کے حصول کے لیے فرض کیا گیا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ماہ صیام میں قرآن کو سمجھ کر عمل میں ڈھالنے کی کوشش کی جائے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ کے تحت دس روزہ رابطہ عوام مہم سندھ کے بالائی و ذیلی اضلاع جات میں جاری ہے۔۔جس میں خواتین و نوجوان بچیوں کی کثیر تعدادشرکت کر رہی ہے